نئی دہلی ،6 جون (یو این آئی) مرکزی حکومت نےحال ہی میں آئے طوفان ’یاس‘ سے مغربی بنگال میں ہونے والے نقصان کا جائزہ لینےکے لئے وزارت داخلہ کے جوائنٹ سکریٹری سطح کے ایک افسر کی سربراہی میں ایک بین وزارتی ٹیم کو اتوار کو وہاں بھیجا ۔
وزارت داخلہ کے ایک افسر نے بتایا کہ یہ ٹیم نبانا میں ریاستی وزارت ڈیزاسٹر منیجمنٹ اینڈ فنانس کے افسروں کے ساتھ میٹنگ کرنے کے علاوہ زمینی رپورٹ حاصل کرنے کے لئے وہ چوبیس پرگنا اور مشرقی میدنا پور میں طوفان سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گی ۔
مرکزی ٹیم اگلے تین دن میں اپنا جائزہ مکمل کرے گی اور 9 جون کو دہلی واپس آئے گی۔ واضح رہے کہ 26 مئی کو طوفان یاس نے اڈیشہ ، مغربی بنگال اور جھارکھنڈ کے کچھ حصوں کو بھاری نقصان پہنچایا تھا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے 28 مئی کو اڈیشہ اور مغربی بنگال کے طوفان سے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا اور مغربی بنگال کے ہندوستانی فضائیہ کے کلائی کندا ہوائی اڈے پر ایک جائزہ میٹنگ منعقد کی